فتح نے خطے میں پاکستان کا مقام بلند کیا،معاشی ترقی کو ٹربو بوسٹ لگ جائے گا،وزیر مملکت قومی ورثہ
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت قومی ورثہ حذیفہ رحمان نے کہاہے کہ دنیا کے صف اول کے سرمایہ کار وزیر اعظم شہباز شریف سے ملنے کے خواہش مند ہیں۔ایک انٹرویو میں حذیفہ رحمان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں فتح نے خطے میں پاکستان کا مقام بلند کیا، آپریشن کے بعد امدادی اداروں اور ملکوں کے رویے میں مثبت تبدیلی آئی۔ خطے کے تمام ممالک کو پاکستان کی طاقت اور مقام کا درست اندازہ ہوگیا ہے، معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نظر انداز کرنے والے عالمی سرمایہ کار اب سنجیدہ سوچ رہے ہیں جبکہ بڑے سرمایہ کار وزیر اعظم شہباز شریف سے ملنے کے خواہش مند ہیں، سرمایہ کاروں کو پیغام مل چکا ہے کہ دفاعی لحاظ سے مضبوط پاکستان میں سرمایہ کاری محفوظ ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کے بعد پاکستان کی معاشی ترقی کو ٹربو بوسٹ لگ جائے گا۔