آپریشن بنیان مرصوص کے بعد ہمارا ملک ابھر کر سامنے آیا ، شیری رحمان

 اسرائیل اور بھارت ایسے ممالک ہیں جنہوں نے جنگل کا قانون بنا رکھا ہے
پاکستان میں کوئی بہتری ہوتی ہے تو بھارت کو بہت مرچیں لگتی ہیں:سینیٹر کی گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کی  سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدہ اہم اور تاریخی سنگ میل ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے بعد ہمارا ملک ابھر کر سامنے آیا ہے۔ ملک کو سفارتی سطح پر بہت فتوحات مل رہی ہیں۔میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ دفاعی معاہدے میں واضح کہا گیا ہے ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ سمجھا جائے گا۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق کے بعد دنیا کو باور کروا دیا ہے وہ اپنا دفاع کر سکتا ہے، اسرائیل اور بھارت اقوام عالم کو منہ چڑا رہے ہیں، پاکستان میں کوئی بہتری ہوتی ہے تو بھارت کو بہت مرچیں لگتی ہیں۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جب کمیٹیوں سے استعفا دیا تو مجھے بہت برا لگا، پی ٹی آئی میں بہت سے لوگ تعمیری کام کرنا چاہتے ہیں۔