سکول بس پر حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے سلامتی کونسل

 تمام ریاستیں  عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت پاکستان کی حکومت سے مکمل تعاون کریں:اجلاس کا اعلامیہ 

نیویارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے خضدار میں سکول بس پر کیے گئے بزدلانہ اور سنگدل دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔سلامتی کونسل کے جاری اعلامیے کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی خواہش ظاہر کی۔کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان سنگین دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داروں، منصوبہ سازوں، مالی معاونت فراہم کرنے والوں اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت پاکستان کی حکومت سے مکمل تعاون کریں۔سلامتی کونسل نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی عمل، خواہ وہ کسی بھی مقصد، مقام، وقت یا شخص کی جانب سے کیا جائے، مجرمانہ اور ناقابلِ جواز ہے۔