فوج دہشت گردی کیخلاف ڈھال بنی رہے گی آرمی چیف
دشمن عناصر کے ایماء پر فعال خوارج، ان کے سہولت کاروں کیخلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی، پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی
افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں جاری ہیں، غیر ملکی اسلحے کا استعمال واضح ثبوت ہے: بنوں کے دورے کے موقع پر گفتگو‘ آرمی چیف کو جاری آپریشنز اور علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ
راولپنڈی(آئی این پی‘آن لائن)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج ریاست کی سلامتی کیلئے دہشت گردی کیخلاف ڈھال بنی رہے گی‘دشمن عناصر کی ایما پر کام کرنے والے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے بنوں کا دورہ کیا، آرمی چیف کو جاری آپریشنز اور علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ بنوں میں زخمی فوجیوں کی خیریت دریافت کی، آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا اور بنوں کینٹ دہشت گردی میں جانیں گنوانے والے شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی، واقعہ کے مجرموں کو بہادر فوجیوں نے فوری طور پر بے اثر کر دیا، گھناونے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شہریوں کو نشانہ بنانے سے اسلام دشمن خوارج کے حقیقی عزائم بے نقاب ہو گئے۔کسی بھی گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں جاری ہیں، غیر ملکی اسلحے کا استعمال واضح ثبوت ہے،خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا خوارج کی اسلام دشمنی کا ثبوت ہے، دہشتگردوں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔