خودکش حملہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایاجائے،:علامہ ساجد نقوی

 ہمیں متحد ہوکر ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا:قائد ملت جعفریہ کا بیان
 راولپنڈی /اسلام آباد(  آن لائن )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی نے اسلام آباد کے علاقہ ترلائی میں مسجد خدیجۃ الکبری پر خودکش دھماکے کے نتیجہ میں درجنوں نمازیوں کی شہادت اور درجنوں نمازیوں کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا  شرپسند عنا صر ملک کے امن و امان کی فضا کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں ہمیں متحد ہوکر ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ، علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ دارلحکومت میں دہشتگردی سیکورٹی پر سوالیہ نشان ہے ، مطالبہ کرتے ہیں کہ خود کش حملے کی باریک بینی سے تحقیقات کرائی جائیں اور حقائق کو منظر عام پر لاتے ہوئے خود کش حملے میں ملوث شر پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کرقرار واقعی سزا دی جائے۔