بلوچستان میں حملوں کے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے:سلامتی کونسل

نیویارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف مقامات پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔سلامتی کونسل کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان میں زور دیا گیا ہے کہ دہشت گردی، چاہے کسی صورت میں ہو، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔سلامتی کونسل کے مطابق ان مذموم دہشت گردانہ کارروائیوں کے زمہ دارافراد، منتظمین، مالی معاونین اور سرپرستوں کو جواب دہ ٹھہرایا جائے اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔بیان میں دیگررکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت پاکستان کی حکومت کے ساتھ فعال تعاون کریں۔