بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ کوئی مذاکرات یا بات چیت نہیں ہو رہی اور اگر کسی میں ہمت ہے تو وہ براہِ راست جا کر ان سے بات کرے۔
راولپنڈی کے گورکھپور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان گزشتہ تقریباً تین سال سے قید تنہائی میں ہیں اور اس صورتحال پر وہ شدید ناراض ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کو ڈیل پر مجبور کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاہم وہ کبھی بھی ڈیل یا مذاکرات نہیں کریں گے۔علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ عید گزر جانے کے باوجود خاندان کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جو کہ ان کے بقول آئینی و قانونی حق ہے، جبکہ ملاقات نہ کروانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے عمران خان کے علاج سے متعلق بھی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کو اس بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی اور انہیں میڈیا سے اس کا علم ہوا۔اس موقع پر نورین نیازی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بے گناہ قید ہیں اور ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے اور ذمہ دار افراد سے جواب لیا جائے گا۔