کارکنوں کو چُن چُن کر سزائیں دی جا رہی ہیں، کسی کو بانی پی ٹی آئی سے خوف ہے:علیمہ خان

کارکنوں کو چُن چُن کر سزائیں دی جا رہی ہیں، کسی کو بانی پی ٹی آئی سے خوف ہے:علیمہ خان

راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے پی ٹی آئی کارکنوں کو چن چن کر سزائیں دے رہے ہیں، کیونکہ کسی کو تحریکِ انصاف کے دوبارہ منظم ہونے کا خوف ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہونی تھی، جس کے لیے ہم صبح 11 بجے سے جیل کے باہر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن کے 8 سے 9 افراد کو اندر جانے کی اجازت دی گئی، لیکن پی ٹی آئی کے وکیل کو اپنی قانونی ٹیم سمیت داخل ہونے سے روکا گیا، جو فیئر ٹرائل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جج کے احکامات کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے خود عدلیہ بھی بے بس دکھائی دے رہی ہے۔ "ججز، انصاف کا نظام اور سب کچھ بے بس ہے۔"

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو عوامی تحریک شروع کرنے کی ہدایت دی ہے اور وہ خود بار بار 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ سچ سامنے آسکے۔ ان کے بقول: "ان کو خوف ہے کہ بانی کا ایک لفظ بھی باہر نہ آ جائے۔"انہوں نے کہا کہ وکلا نے انھیں خبردار کیا ہے کہ ان کی بھی گرفتاری ہو سکتی ہے، مگر وہ کسی خوف زدہ نظام سے نہیں ڈرتیں۔ علیمہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی آزادی اور حقوق کے لیے خود میدان میں نکلیں۔علیمہ خان نے آخر میں عندیہ دیا کہ 5 اگست کو پارٹی کی جانب سے لائحہ عمل سامنے آئے گا اور یہ واضح کر دیا کہ عوامی شرکت کے بغیر کوئی تبدیلی ممکن نہیں۔
 

 
Ask ChatGPT