پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا واضح پیغام ہے کہ "اس حکومت کو قبول نہیں کرنا، چاہے ساری زندگی جیل میں رہوں۔"
یہ بات علیمہ خان نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
مذاکرات سے متعلق پیغام قیادت کو پہنچا چکا ہے
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے مذاکرات سے متعلق پیغام پارٹی قیادت تک پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ:"میرے بیان سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔"
تنہائی میں رکھنے اور مائنس پلان کا الزام
علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو جیل میں تنہا رکھ کر مائنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:"جب احتجاج کا وقت آئے گا تو ہم ضرور شرکت کریں گے، قیادت کا دعویٰ نہیں بلکہ ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ہے۔"
میڈیا پر تنقید: صرف پی ٹی آئی کی خبریں رپورٹ ہوتی ہیں
انہوں نے میڈیا کوریج پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ:"صرف تحریکِ انصاف سے متعلق باتیں رپورٹ ہوتی ہیں، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی کوئی سرگرمی رپورٹ نہیں کی جاتی۔ تحریکِ انصاف کا خوف اتنا زیادہ ہے کہ حکومت میں بیٹھے لوگ ڈرے ہوئے ہیں۔"
کارکنوں کو درپیش مشکلات اور حوصلہ
علیمہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بے گناہ کارکنوں کو دور دراز شہروں سے عدالتوں میں پیشی کے لیے آنا پڑتا ہے، اور ان دو برسوں میں ان کارکنوں کی زبردست سیاسی تربیت ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا:"ہزاروں کارکنوں پر اتنے مقدمات ایک ساتھ شاید ہی کسی اور وقت میں بنے ہوں، لیکن مشکل وقت ضرور گزرے گا، ایسا وقت قوم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔"