لاہور میں موسم خوشگوار، بارش کا امکان نہیں؛ کراچی میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی

لاہور میں موسم خوشگوار، بارش کا امکان نہیں؛ کراچی میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی

صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج مطلع صاف اور موسم خوشگوار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں تقریباً 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک رہ سکتا ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً معتدل اور خوشگوار رہے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل سے 29 مارچ تک بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور تعمیرات اور سائن بورڈز سے دور رہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد خاص طور پر محتاط رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔