لاہور: شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔ تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہونے کے باعث بعض اوقات حبس کی شدت بھی برقرار رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے یکم سے 6 جولائی کے دوران لاہور میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس دوران کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔ماہرین کے مطابق بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم شہریوں کو بدلتے ہوئے موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں۔ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور بجلی کی تنصیبات کے قریب احتیاط برتیں۔