خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان، بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان، بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران وسطی اور بالائی خیبرپختونخوا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور بالائی خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش برسانے والا موسمی نظام فعال ہے، جس کے باعث مختلف اضلاع میں موسم تبدیل ہونے اور بارش ہونے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، اورکزئی، باجوڑ، کرم، ہنگو، کوہاٹ، کرک، بنوں اور لکی مروت میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھکر، نورپور تھل، خوشاب، اٹک، میانوالی، تلہ گنگ، چکوال اور راولپنڈی سمیت ملحقہ علاقوں میں آئندہ 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور تیز ہواؤں، آندھی اور ممکنہ ژالہ باری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔