یومِ پاکستان ’’عہد تحفظِ پاکستان‘‘کے عزم کی تجدید کا دن ہے: عظمیٰ بخاری

 قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال  کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں
 ملکی سلامتی اور دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، پاکستان کو مزید مضبوط بنایا جائے گا
لاہور (سپیشل رپورٹر) یومِ پاکستان کے موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن "عہدِ تحفظِ پاکستان" کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جو ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اُن مضبوط ارادوں اور انتھک کوششوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو سات سال بعد ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور ان کے رفقاء کی بے مثال قیادت اور قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 1940 میں پیش کیا جانے والا پاکستان کا تصور آج ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر دفاعی قوت میں تبدیل ہو چکا ہے، جو ہر قسم کے خطرات کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ مسلح افواج ملک کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے اس بات کا عزم دہرایا کہ ملکی سلامتی اور دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔