یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے فخر، عزم اور خودداری کا استعارہ بن چکا ہے،گورنرپختونخواہ
پشاور(آئی این پی )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 28مئی ملکی دفاع و سلامتی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔یوم تکبیر پر پیغام جاری کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ آج کے دن پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا میں سامنے آیا، یوم تکبیر ملکی تاریخ کا سنہرا اور ملکی دفاع و سلامتی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے فخر، عزم اور خودداری کا استعارہ بن چکا ہے، ملک کو جوہری طاقت بنانے کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، وہی قومیں ناقابل تسخیر بنتی ہیں جو قربانی، اتحاد کے جزبہ کیساتھ کھڑی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ یوم تکبیر اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک و قوم کی خودمختاری اور قومی وقار پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔