مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتیں اور حکومت کے وزرا کی تنخواہیں دونوں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی اصل وجہ یہ ہے کہ چینی کے کارخانوں اور حکومت کے مالکان ایک ہی ہیں، اور خام چینی کی درآمد کا فیصلہ حکومت کی جانب سے چینی مافیا کو مزید فائدہ دینے کی کوشش ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ شوگر مافیا نے ناجائز منافع کمایا ہے، جس سے عوام کو عید کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔ انہوں نے عرفان صدیقی سے اپیل کی کہ وہ شہباز شریف سے کہیں کہ وزرا کی تنخواہیں تو لے لیں، مگر چینی کی قیمتوں کو کم کرائیں۔انہوں نے وفاقی کابینہ کی جانب سے وزرا کی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافے کی منظوری کو چوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ 20 مارچ کو وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ کام کرنے کا اعلان کیا تھا، جو جھوٹ ثابت ہوا ہے۔