شوگر ملز ایسوسی ایشن اور وفاقی وزیر کی چینی کی قیمت میں اضافے

شوگر ملز ایسوسی ایشن اور وفاقی وزیر کی چینی کی قیمت میں اضافے

شوگر ملز ایسوسی ایشن اور وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق، چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلوگرام تک رہنے کی شرط پر حکومت نے سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی، جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں چینی کی ریٹیل قیمت 130 روپے تک ہے۔ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ گزشتہ کرشنگ سیزن 2023-24 کے اختتام کے بعد سے چینی اپنی پیداواری لاگت سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ گنے کی قیمت میں اضافے کے باعث چینی کی پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔ پچھلے دو کرشنگ سیزنز کے دوران گنے کی قیمت تقریباً دوگنا ہو چکی ہے، جس نے شوگر انڈسٹری کے لیے مشکلات پیدا کی ہیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کے سٹے بازوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قیمتوں پر قابو پایا جا سکے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت 140 روپے فی کلوگرام کی حد سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریٹیل قیمت 130 روپے اور ہول سیل قیمت 124-125 روپے کے درمیان ہے۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چینی کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور قیمتوں پر کنٹرول کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ کردار ادا کرے اور غلط معلومات نہ پھیلائے، کیونکہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ عوام کو یقین دہانی کرائی گئی کہ حکومت چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔