عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں حالات وقت کے ساتھ مزید خراب ہو رہے ہیں اور اس کا حل آئین اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومتی اور اپوزیشن دونوں جماعتیں عوام کی بات نہیں کر رہیں، جس کی وجہ سے ملک کے مسائل اور سیاسی انتشار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کا ہر سسٹم ناکام ہو چکا ہے اور اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ معاملات حل ہو سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی رویہ ملک کو مزید الجھانے کا سبب بن رہا ہے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ جب اپنے ہی لوگوں پر گولی چلائی جائے، تو ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پشتو بولنے والے افراد کو پولیس گرفتار کر لیتی ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں لوگ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ کرم میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار کون ہے اور عوام اس حقیقت کو جاننا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام عوام کے مسائل حل کرنا اور گولی چلانا نہیں ہونا چاہیے۔