ویب ڈیسک: انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کا مہنگا ترین اسپیل کر کے نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گزشتہ روز آئی پی ایل کے 18 ویں سیزن میں راجستھان رائلز اور سن رائزز حیدرآباد کے درمیان میچ میں آرچر نے 4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 76 رنز دیے، جو آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے مہنگا اسپیل ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ گجرات ٹائٹنز کے بولر موہت شرما کے پاس تھا، جنہوں نے گزشتہ سال دہلی کیپیٹلز کے خلاف 4 اوورز میں 73 رنز دیے تھے۔میچ میں سن رائزز حیدرآباد نے 6 وکٹوں پر 286 رنز بنا کر آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا بڑا سکور بنایا، جبکہ راجستھان رائلز 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 242 رنز ہی بنا سکی۔