جوفرا آرچر کی ریڈ بال کرکٹ میں واپسی، تین سال بعد کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ایکشن میں نظر آئے

جوفرا آرچر کی ریڈ بال کرکٹ میں واپسی، تین سال بعد کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ایکشن میں نظر آئے

انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر بالآخر ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اتوار کے روز انہوں نے ڈرہم کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ میں حصہ لیا، جو ان کا مئی 2021 کے بعد پہلا فرسٹ کلاس میچ ہے۔

جوفرا آرچر گزشتہ کئی سالوں سے انجری مسائل کا شکار رہے، جس کے باعث وہ بار بار کھیل سے باہر ہوتے رہے۔ حالیہ مہینوں میں انہوں نے صرف وائٹ بال کرکٹ میں شرکت کی تھی اور ان کا آخری انٹرنیشنل میچ مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے دوران ہوا تھا۔انگلینڈ کے سلیکٹر لیوک رائٹ نے اس سے قبل عندیہ دیا تھا کہ اگر آرچر سسیکس کے لیے اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو انہیں بھارت کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس بھی 30 سالہ فاسٹ بولر کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے شدت سے منتظر ہیں۔آرچر کی ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کو انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر 2025 کے اہم شیڈولز اور سیریز کے پیش نظر، جہاں ان کی رفتار اور مہارت ٹیم کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتی ہے۔