موجودہ وقت کا تقاضا،ہم باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں: چیئرمین سینیٹ

یومِ پاکستان، وعدے کی تجدید کاد ن ، ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے
یہ دن ہمیں ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ 
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان ہمیں اس وعدے کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔23مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل  ہے،  قراردادِ پاکستان  نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مشترکہ منزل کی جانب گامزن کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں ہمیں اس ملک کو ایک جدید، جمہوری، ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی ہوں گی۔ جمہوریت کا استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی ، اداروں کی مضبوطی ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ کنا کہنا تھا کہ  موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں، تمام تر اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملکی ترقی و استحکام کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ ہمیں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔