اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان کسی بھی قسم کی کشیدگی سے ہمیشہ پاکستان کو آئینی، قانونی اور معاشی نقصان پہنچا‘ اپوزیشن ماضی کی غلطیاں بھلا کر میثاق جمہوریت پر دستخط کرے
کشمیر سے متعلق دیئے گئے بیان پر قائم ہوں، کسی دلیل کی وجہ سے بات کی، برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی کشمیری یا پاکستانی نہیں بنتا،کشمیریوں نے جانیں دیں ‘ ہم نے بھی جانیں دیں
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان کسی بھی قسم کی کشیدگی سے ہمیشہ پاکستان کو آئینی، قانونی اور معاشی نقصان پہنچا ، ملک کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ "ہائبرڈ سسٹم" کو چلنا چاہئے، کیون کہ سویلین اور عسکری اداروں کا مل کر ملکی مفاد میں کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ ملک کو آئینی، معاشی اور سیاسی طور پر درست سمت میں رکھنا ضروری ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بہتری اور نجات ہے، اپوزیشن ماضی کی غلطیاں بھلا کر میثاق جمہوریت پر دستخط کرے، ماضی میں ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی مگر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی سے سیکھا ،ایوان کا تقدس یقینی بنانا ہر رکن کی ذمہ داری ہے،محمود اچکزئی تحریک انصاف کے درمیان بیٹھے عجیب و غریب لگتے ہیں،آئین اور جمہوری روایات کو جتنا بانی پی ٹی آئی نے نقصان پہنچایا کسی نے نہیں پہنچا یا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب اور پارلیمنٹ ہائو س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کشمیر سے متعلق دیے گئے بیان پر قائم ہوں، کسی دلیل کی وجہ سے بات کی، برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی کشمیری یا پاکستانی نہیں بنتا‘ کشمیریوں نے جانیں دی لیکن ہم نے بھی جانیں دیں، ہم نے پانچ جنگیں لڑی ہیں لیکن صلہ کیا ملتا ہے۔ ہم نے نوے کی دہائی میں شدید کشیدگی دیکھی، میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے کشیدگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے اقتدار کے زمانے میں اس ایوان میں کیا کیا نہیں ہوا، مراد سعید ان میزوں کے اوپر دوڑتے تھے۔