دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوا،ملکی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں
ایوان صدر میںپریڈ، شیردل فارمیشن کا فلائی پاسٹ، علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
اسلام آباد؍لاہور ؍کراچی(آئی این پی )ملک بھر میںیوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فضا پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد وگھروں میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ یومِ پاکستان کی مناسبت سے مرکزی پریڈ ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری تھے، وزیراعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر اور وفاقی وزراء بھی پریڈ میں شریک تھے۔ صدر زرداری روایتی بگی میں بیٹھ کر تقریب میں شریک ہوئے ۔تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے پریڈ کا حصہ تھے، آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، قومی پرچم کو سلامی دی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کی آمد پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔اس موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔تقریب میں سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اور مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔پی ایچ اے کی جانب سے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں لیزر لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا، لیزر لائٹس سے مینار پاکستان پر قومی پرچم میں چاند تارا بھی بنایا گیا۔ لیزر لائٹ شو کے دوران گریٹر اقبال پارک ملی نغموں سے گونجتا رہا، یوم پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے لیزر لائٹ شو دوروز جاری رہے گا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ اراکین کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی۔انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ ملک بھر میں اور بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں ۔ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ۔