اسرائیل کوئی سرحد نہیں جانتا، امریکہ کی اجازت سے جہاں چاہتا ہے دراندازی کرتا ہے جتنا آگے بڑھے گا، ردعمل اتنا ہی سخت اور شدید ہو گا
ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارارہ نہیں، جوہری توانائی اور تحقیق کا حق کوئی نہیں چھین سکتا: ایرانی صدرمسعود پزشکیان کا پارلیمنٹ میں خطاب
تہران(آئی این پی) اسرائیل سے جنگ میں ایران کی حمایت کرنے پر ایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان سے اظہار تشکر کے نعرے لگائے گئے ہیں۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران پاکستان کی حمایت کی تعریف کی جس پر ایرانی ارکان پارلیمنٹ نے 'پاکستان تشکرتشکر' کے نعرے لگائے۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کی جانب سے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور ایرانی قوم سے کہا کہ دشمن کے خلاف ہوشیار اور متحد رہے۔اجلاس میں ایرانی ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فوجی کمانڈرز، اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا‘دریں اثناء پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ جوہری توانائی اور تحقیق کے اپنے حق کا بھرپور انداز میں دفاع کرے گا۔انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ہر اختلاف، مسئلے اور رکاوٹ کو آج پسِ پشت ڈال دینا چاہیے، اور ہمیں اس نسل کش مجرمانہ جارحیت کے خلاف اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ جوہری توانائی اور تحقیق کے اپنے حق کا بھرپور انداز میں دفاع کرے گا۔