ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی
اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھر میں یوم پاکستان  ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک اور قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ اس مرتبہ مشرق وسطی کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منایا  گیا،اس دن کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ منسوخ کر دی گئیں جبکہ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب بھی سادہ اور پروقار رکھی گئی ۔یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزارِ اقبال کی سکیورٹی کا چارج سنبھال لیا، جبکہ اس سے قبل سکیورٹی کی ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی۔