محکمہ موسمیات کا شمال مشرقی پنجاب میں بارشوں سے متعلق الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کا شمال مشرقی پنجاب میں بارشوں سے متعلق الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے اور آئندہ ایک سے تین گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ الرٹ کے بعد متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بھی موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکام کے مطابق بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مزید برآں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور واسا سمیت متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو بروقت سہولت اور امداد فراہم کی جا سکے۔