بھارتی اداکار پرکاش راج کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری، قانونی مشکلات میں اضافہ

بھارتی اداکار پرکاش راج کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری، قانونی مشکلات میں اضافہ

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پرکاش راج ایک قانونی معاملے میں مشکل میں پھنس گئے ہیں، جہاں بنگلورو کی ایک عدالت نے ان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب پرکاش راج متعدد بار عدالتی سمن کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ ان کے خلاف یہ کیس 2019 میں اس وقت سامنے آیا تھا جب ایک وکیل دلیپ کمار نے بنگلورو کے ہلاسورو گیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ اداکار مبینہ طور پر ایک سے زائد ریاستوں—کرناٹک، تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ—میں ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ رہے، جبکہ بھارتی انتخابی قوانین کے مطابق کوئی بھی شہری صرف ایک ہی مقام پر ووٹر رجسٹریشن رکھ سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق عدالت کی جانب سے وارنٹ اس وقت جاری کیے گئے جب مسلسل طلبی کے باوجود اداکار عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

تاہم پرکاش راج ان الزامات کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ وہ صرف تامل ناڈو سے ووٹ ڈالتے ہیں۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ ان کے وکلا اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے یا وارنٹ منسوخی کے لیے فوری درخواست دائر کریں گے۔دوسری جانب فلمی دنیا میں پرکاش راج حالیہ عرصے میں کئی تامل، تیلگو اور ہندی فلموں میں نظر آ چکے ہیں، جبکہ ان کی آنے والی پروجیکٹس میں بھی متعدد بڑی فلمیں شامل ہیں۔