افغانستان ہماری 50 سالہ میزبانی کا تھوڑا لحاظ کرے، پاکستان اور ایران میں محبت اور یگانگت بڑھ رہی ہے:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم کی قیادت میں پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایران اور پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں، خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا۔ بھارت پاکستان کے موثرسفارتی کردار سے خوش نہیں، بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان نے جنگ کے بجائے مذاکرات اور امن کا راستہ اپنایا۔انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی مغربی سرحدوں پر امن کا خواہاں ہے، افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور پرامن تعلقات چاہتے ہیں، افغان قیادت پاکستان کی دہائیوں پر محیط مہمان نوازی کو یاد رکھے، پاکستان نے افغان عوام کو پناہ، تعلیم اور روزگار فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی سطح پر مثبت اور موثر کردار ادا کیا، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے، عالمی برادری پاکستان کی قیادت اور کردار کو سراہ رہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی پاکستان آمد ہمارے لئے باعث عزت ہے، ایران امریکا معاہدے میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان محبت اور یگانگت بڑھ رہی ہے، یہ اسی محبت کی کڑی ہے کہ ایرانی صدر پاکستان آ کر ہم سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں