جو وتیرہ ان لوگوں نے پکڑ رکھا ہے، یہ نہ آج قابل قبول ہے، نہ پہلے تھا، نہ کل ہوگا:وزیر دفاع
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تین سال سے بھرپور کوشش کی کہ افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایوں کی طرح زندگی بسر کریں۔ ہمیں افغانستان کے ساتھ کوئی غرض نہیں، ہمارے تعلقات قابل رشک نہیں رہے۔ سیالکوٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ افغانیوں کی 50 سال مہمان نوازی کی، ان سے کوئی امید نہیں۔ وہ اپنے گھر میں شادباد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو وتیرہ ان لوگوں نے پکڑ رکھا ہے، یہ نہ آج قابل قبول ہے، نہ پہلے تھا، نہ کل ہوگا۔ ہم نے بہت کوششیں کیں کہ بات چیت کے ذریعے معاملہ حل ہوجائے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی پشت پناہی کی، پاکستان میں جو کالعدم ٹی ٹی پی ہے یہ افغانستان کی فرنچائز ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی پشت پر افغانستان نہ ہو تو یہ کب کے ختم ہوچکے ہوتے، اس صورتحال اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔