کے پی حکومت نے بجٹ منظوری میں عمران خان کا انتظار تک نہ کیا، علیمہ خان

کے پی حکومت نے بجٹ منظوری میں عمران خان کا انتظار تک نہ کیا، علیمہ خان

راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خیبرپختونخوا (کے پی) بجٹ کی منظوری، عمران خان کے پیغام اور موجودہ سیاسی صورتحال پر سخت مؤقف اختیار کیا۔

 انہوں نے کے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی منظوری میں اتنی جلد بازی کیوں کی گئی جبکہ بانی کو دو دن کا انتظار بھی نہ دیا گیا۔

"بجٹ بانی سے چھپا کر پاس کیا گیا"
علیمہ خان نے کہا:"ہمیں نہیں معلوم بجٹ میں بانی سے کیا چھپایا گیا، بجٹ کو پاس کرنے کے لیے دو دن انتظار بھی نہ کیا گیا۔ حیرت ہے کہ کے پی کے ایم پی ایز نے بحث تک نہیں کی۔"انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ بجٹ میں صحیح طریقے سے فنڈز کی الاٹمنٹ ہو تاکہ کے پی کے عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔

"عمران خان کا پیغام خطے میں اتحاد کا"
گزشتہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے علیمہ نے کہا:"بانی نے پیغام دیا کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر سب کو متحد ہونا ہوگا۔"انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو اندازہ تھا کہ "کل ٹرمپ اور ایران اکٹھے بیٹھ کر اعلان کریں گے"، اور یہی بات ان کے وژن کو ثابت کرتی ہے۔
"ہمیں روکا جا رہا ہے، مگر ہم نہیں ڈرتے"
علیمہ خان اور ان کی بہنیں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کر رہی تھیں جب پولیس نے انہیں جیل جانے سے روک دیا۔انہوں نے کہا:"پولیس ہمیں گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لے، ایف آئی آر دینی ہے دے دیں، ہم نہیں ڈرتے۔"انہوں نے کہا کہ انہیں صرف اس خوف سے روکا جا رہا ہے کہ عمران خان کا پیغام باہر نہ آ سکے۔

کارکنان کے ہمراہ جیل جانے کی کوشش
علیمہ خان اور ان کے ہمراہ کارکنان نے پیدل اڈیالہ جیل جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں راستے میں روک دیا۔پی ٹی آئی رہنما عظمیٰ خان نے بھی کہا:"عمران خان سے ملاقات ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔"پولیس نے انہیں وہیں رکنے کو کہا اور بتایا کہ "ہم تھوڑی دیر میں پوچھ کر بتاتے ہیں۔" جس پر کارکنان اور علیمہ خان انتظار میں وہیں بیٹھ گئے۔