ماسکو: روس کا جدید ترین اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس Su-57 جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، تاہم پائلٹ بروقت جہاز سے نکلنے میں کامیاب رہا اور محفوظ رہا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ ماسکو کے نواحی دیہی علاقے میں پیش آیا، جہاں طیارہ زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے حادثے سے چند لمحے قبل ایجیکٹ (Eject) کر کے اپنی جان بچائی، جبکہ حادثے میں کسی شہری کے جانی نقصان کی فوری اطلاع نہیں ملی۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ Su-57 معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، تاہم حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے واقعے پر تاحال تفصیلی بیان جاری نہیں کیا، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی جائیں گی۔Su-57 روس کا پانچویں نسل (Fifth Generation) کا اسٹیلتھ جنگی طیارہ ہے، جسے جدید ریڈار سے بچنے کی صلاحیت، جدید ہتھیاروں اور فضائی برتری کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اسے روسی فضائیہ کے جدید ترین جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔