پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ تربیتی پرواز کے دوران ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ہُڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک افسر اور 4 جوان شہید ہوگئے۔
حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا جب ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ہیلی کاپٹر میں موجود تمام عملہ جام شہادت نوش کر گیا۔ شہداء میں شامل ہیں:
پائلٹ ان کمانڈ: میجر عاطف
کو پائلٹ: میجر فیصل
فلائٹ انجینئر: نائب صوبیدار مقبول
کریو چیف: حوالدار جہانگیر
کریو چیف: نائیک عامر
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا جب اسے تکنیکی خرابی کا سامنا ہوا۔ آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کے مطابق کی جاتی ہیں تاکہ فوجی آپریشنل تیاری ہر وقت یقینی بنائی جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تربیت نہ صرف دفاعی ذمہ داریوں کے لیے ضروری ہے بلکہ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی اور بحالی کے مشنز کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ پاک فوج ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری کو یقینی بنائے گی۔