اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
وزیر داخلہ نے آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "فتنہ الہندوستان" اور "فتنہ الخوارج" کا مبینہ ناپاک گٹھ جوڑ پاکستان کا امن تباہ نہیں کر سکتا، اور ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔