ثانیہ مرزا طلبہ کے حق میں بول پڑیں، تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ

ثانیہ مرزا طلبہ کے حق میں بول پڑیں، تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ

نئی دہلی: بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے نیٹ (NEET) امتحان کے مبینہ پرچہ لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے حکومت سے تعلیمی نظام میں مؤثر اصلاحات نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ثانیہ مرزا نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ "طلبہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، اور مجھے ان نوجوانوں کے لیے بے حد افسوس ہے جنہوں نے نیٹ امتحان کی تیاری میں برسوں محنت کی، لیکن اب انہیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔"انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ طلبہ کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے، ان کے تحفظات دور کیے جائیں اور تعلیمی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔ثانیہ مرزا نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ "ہمارے معاشرے میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ہم سب کو مل کر پرامن انداز میں اس مسئلے کا ایسا حل تلاش کرنا ہوگا جو نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنا سکے۔"

واضح رہے کہ بھارت میں نیٹ (NEET) امتحان میں مبینہ پرچہ لیک کے بعد ملک بھر میں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین امتحانی نظام میں شفافیت، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی، تعلیمی اصلاحات اور وفاقی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مظاہرین کا مؤقف ہے کہ اس اسکینڈل کے باعث ہزاروں طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، جبکہ مختلف رپورٹس میں کم از کم 12 طلبہ کی خودکشی کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی سرکاری سطح پر آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔