پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا رین اینڈ فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال

 دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)مون سون بارشوں کے بعد شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کی مؤثر نگرانی کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا رین اینڈ فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق سیف سٹی کے جدید کیمروں کے ذریعے شہر بھر کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور پانی جمع ہونے، کھلے مین ہولز، بند نالوں اور نکاسی آب سے متعلق مسائل کی بروقت نشاندہی کر کے واسا کو رئیل ٹائم معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے حاصل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز فوری طور پر واسا حکام تک پہنچائی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کے اقدامات بروقت یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سیف سٹی کے ڈرونز کے ذریعے دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے رین اینڈ فلڈ مانیٹرنگ سیل کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مسلسل رئیل ٹائم الرٹس اور معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران دریاؤں، نہروں، پلوں اور نشیبی علاقوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا امداد کی ضرورت پیش آنے پر فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔