ناتجربہ کار،بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف شکنجہ سخت

حادثات میں ملوث لائسنس ہولڈرز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل،86 فیصد حادثات میں ایسے ڈرائیورز ملوث پائے گئے جن کے پاس لائسنس نہیں تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبہ بھر میں خونی ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں ناتجربہ کار اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کا کردار سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے ناتجربہ کار ڈرائیورز اور حادثات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیوں کا حکم دے دیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق صوبے میں ہونے والے 86 فیصد ٹریفک حادثات میں ایسے ڈرائیورز ملوث پائے گئے جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھا، جبکہ 14 فیصد حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے پاس درست لائسنس موجود تھے۔ بیشتر ڈرائیورز کمرشل گاڑی چلانے کے لیے مطلوبہ کمرشل لائسنس کے بغیر ہی سڑکوں پر گاڑیاں چلا رہے ہیں۔وقاص نذیر نے بتایا کہ ہر ٹریفک حادثے کی مکمل تفصیلات، شواہد اور ملوث ڈرائیورز کا ریکارڈ باقاعدگی سے جمع کیا جاتا ہے تاکہ حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے کے ساتھ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات میں ملوث لائسنس ہولڈرز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جا رہے ہیں جبکہ ذمہ دار ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔