بلوچستان میں مون سون بارشوں سے 8 افراد جاں بحق، 41 مکانات متاثر: پی ڈی ایم اے

بلوچستان میں مون سون بارشوں سے 8 افراد جاں بحق، 41 مکانات متاثر: پی ڈی ایم اے

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے مون سون بارشوں کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں بارشوں سے مختلف حادثات میں 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 13 بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر افراد آسمانی بجلی گرنے، دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات کا شکار ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوہلو میں آسمانی بجلی گرنے اور دیوار منہدم ہونے کے واقعات میں ایک مرد اور ایک خاتون جان کی بازی ہار گئے، جبکہ خضدار میں آسمانی بجلی اور چھت گرنے سے ایک بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔اسی طرح ژوب میں آسمانی بجلی گرنے اور چھتیں منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں تین بچوں سمیت چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 13 بچوں اور دو خواتین سمیت 16 افراد زخمی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث صوبے بھر میں 41 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 17 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 24 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ متاثرہ مکانات کا تعلق خضدار، ژوب، ہرنائی اور بارکھان سے ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی، سیلابی ریلوں اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔