اسلام آباد (ویب ڈیسک) : پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات اور سیلابی واقعات میں اب تک 657 افراد جاں بحق جبکہ 929 زخمی ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والے مون سون سیزن میں بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال نے ملک کے مختلف حصوں کو شدید متاثر کیا ہے۔
صوبائی تفصیلات:
خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں اب تک 390 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ درجنوں زخمی اور کئی لاپتہ ہیں۔پنجاب میں بارش اور سیلاب سے 164 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد بچوں کی (70) ہے۔سندھ میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 20 اموات سامنے آئی ہیں۔گلگت بلتستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے۔آزاد کشمیر میں اب تک 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کے مختلف واقعات کے نتیجے میں 8 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مجموعی جانی نقصان:
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 171 بچے، 94 خواتین اور 392 مرد شامل ہیں۔
مستقبل کی صورتحال:
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے باعث عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔