امریکہ کی اسفالٹ پلانٹ اور بجلی گھرپر بمباری‘ایران نے کویت‘اردن پرمیزائل چلادیئے

امریکی حملوں میں 3 بچوں سمیت 53 شہری شہید ہوچکے:ایران کی تصدیق،ایرانی حملوں میں ہلاک مزید 4 امریکی فوجیوں کی میتیں وطن پہنچ گئیں
ایران پر حملے تیز کرنے کیلئے بی ون بمبار طیارہ ، خصوصی فوجی دستوں کی تعیناتی ‘ بجلی گھروں پر حملہ ہوا تو امریکی فوج کے اتحادی ممالک میں بجلی کی بندش یقینی ہوگی:پاسداران انقلاب
واشنگٹن،تہران،کویت سٹی (آئی این پی )امریکی افواج نے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارہویں  روز  بھی فضائی حملے کیے  ، جن میں خوزستان، ہرمزگان اور بوشہر صوبے کے متعدد شہروں کو نشانہ  بنایا گیا  جبکہ  ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے جوابی اقدام کے طورپر    کویت  اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر مزید حملے کئے  ہیں جن میں متعدد اہم عسکری آلات اور دفاعی نظام تباہ کر دئیے  گئے ہیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں کم از کم 3 شہروں پر حملے کیے گئے، جن میں رامشیر بھی شامل ہے، جہاں ایک اسفالٹ پلانٹ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں‘ایرانی پاسداران انقلاب کی ائیرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی توانائی کی بنیادی تنصیبات پر کسی بھی حملے کی صورت میں خطے میں فوری جوابی حملے کیے جائیں گے‘ امریکا نے ایران پر حملے مزید تیز کرنے کیلئے بی ون بمبار طیارہ بھی تعینات کردیا۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق بی ون بمبار برطانیہ میں واقع ایک امریکی فضائی اڈے پر پہنچا ہے ۔ جو طویل فاصلے تک مار کرنیوالا سپر سونک اسٹریٹجک بمبار طیارہ ہے ۔ یہ بڑی مقدار میں روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔