ہیلی کاپٹر کی تباہی کا بدلہ امریکہ کی ایران میں20اہداف پربمباری پاسداران انقلاب نے کویت‘بحرین‘اردن پر میزائل برسا دیئے

  صدر   ٹرمپ کی ہدایت پر جنوبی ایران پر شدید فضائی اور میزائل حملے کئے گئے،یہ مشن بلا جواز ایرانی جارحیت کے تناسب میں ایک جواب ہے:سینیٹ کام، ایران کی جانب داغے گئے 5 میزائل تباہ کر دئیے گئے: اردن
بحری فوج کے پانچویں بیڑے  کو ڈرونز   اور اردن میں ایک فضائی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا  گیا، امریکی جارحیت برقرار رہی تو مزیدسخت جواب دیا جائے گا:پاسدارانِ انقلاب‘ہیلی کاپٹر حادثے کوبہانہ بنایا گیا:ایرانی وزارت خارجہ
بمباری اور دھمکیوں سے ایرانی قوم کو جھکایا نہیں جا سکتا:صدر مسعود پزشکیان‘ایران نے معاہدے پر مذاکرات میں بہت زیادہ دیر کردی، اب انہیں قیمت چکانا پڑے گی‘مزید سخت حملے کرینگے: ٹرمپ
 واشنگٹن،تہران (آئی این پی )امریکی افواج نے اپنے  اپاچی ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں جنوبی ایران پر  شدید فضائی اور میزائل حملے کئے ہیں  جس کے جواب میں تہران نے بحرین میں موجود امریکی بحری فوج کے پانچویں بیڑے (ففتھ فلیٹ ) کو ڈرونز سے اور اردن میں ایک فضائی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے،سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف جوابی حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔ عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا  کہ اس کی افواج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر تہران کے وقت آدھی رات کے بعد، ایران کے خلاف سیلف ڈیفنس سٹرائیکس شروع کی ہیں۔ امریکی حکام نے کہا کہ دیگر مقامات کے علاوہ حملوں میں 20 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جو بظاہر مختصر وقفوں پر تین لہروں میں کیے گئے تھے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ  نے  بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایک ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں ایران میں کارروائی کی ہے۔  یہ مشن بلا جواز ایرانی جارحیت کے تناسب میں ایک جواب ہے۔سینٹکام نے کہا کہ گرائے گئے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے دونوں عملے کو ایک امریکی سمندری ڈرون کے ذریعے بچا لیا گیا‘۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تشدد کو بڑھاوا دینے والی امریکی حکومت نے بدھ کی  علی الصبح جسک، سرک اور قشم کے کئی مقامات پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں سرک میں ایک مواصلاتی ٹاور کو نقصان پہنچا اور شہری سپلائی کے پانی کے دو ٹینک تباہ ہو گئے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا۔  امریکی جارحیت برقرار رہی تو مزیدسخت جواب دیا جائے گا۔روسی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ایران نے جم علاقے پر امریکا کا ایم کیو9 ڈرون تباہ کردیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں امریکی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اردن میں امریکی الازرق فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا،الازرق اڈے پر چار اہداف کو نشانہ بنایا، اہداف میں ایف35 ہینگرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شامل ہے،پاسداران انقلاب کے مطابق حملے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کیے گئے۔اس کے علاوہ کویت میں علی السالم فوجی اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیاننے کہا ہے کہ ایرانی قوم کو بمباری، دھمکیوں اور فوجی دباؤ کے ذریعے سر تسلیم خم کرنے پر مجبور کرنا ناممکن ہے اور ایران کسی بھی دباؤ کے سامنے ہار نہیں مانے گا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق  ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے مخالفین کا مقصد عرب اور مسلم ممالک کو تہران کے خلاف متحرک کرنا تھا، تاہم ایران کی سفارتی کوششوں نے خطے کے ممالک کو امریکہ اور اسرائیل سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں سفارتکاری نے مؤثر انداز میں کام کیا اور ایران نے اپنے علاقائی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے معاہدے پر مذاکرات میں بہت زیادہ دیر کردی، اب انہیں اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی فوج مکمل طور پر تباہ و برباد ہو چکی ہے۔ اس کے بہت سے حصے، جیسے بحریہ اور فضائیہ اب عملا موجود ہی نہیں رہے۔ ڈوڈنلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں مکمل طور پر شکست دی جا چکی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں تحریر کیا کہ ایران صرف باتیں کرتا ہے، عملی اقدام کچھ نہیں کرتا۔ مشرقِ وسطی کا یہ غنڈہ اب ختم ہو چکا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ایسے معاہدے پر مذاکرات کرنے میں بہت زیادہ دیر کردی جو ان کے لیے بہترین ثابت ہو سکتا تھا، اب انہیں اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔