ایران کے متعدد شہروں میں شدید بمباری‘12افراد جاں بحق‘70زخمی کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی تنصیبات پر جوابی حملے

ایران کا متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت ،کئی ہیلی   کاپٹر وڈرونز تباہ کرنے کا دعوی ‘ اردن کے ائیر ڈیفنس نے فضائی حدود میں داخل ہونیوالے میزائلوں کو ناکام بنا دیا: اردنی فوج 
ایران کوئی بے وقعت معاہدہ کر بھی لے تو مجھے اس کی  پروا نہیں ایران کو مذاکرات کی میزپرلانے کیلئے دبائو ڈالنے کی کوشش نہیں کر رہے، مجھے موجودہ صورتحال زیادہ پسند ہے:ٹرمپ
 واشنگٹن،تہران(آئی این پی )امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے امریکہ نے ایران کے خلاف حملوں کا نیا مرحلہ مکمل کر لیا ہے،  امریکی افواج نے ایرانی پاسداران انقلاب کے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی تنصیبات، ریڈار نظام، بحری اثاثے، فوجی تنصیبات، بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیتیں اور مواصلاتی مراکز شامل ہیں جبکہ  امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے   کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا نے  اور متعدد امریکی فوجیوں کو ہلاک ،کئی ہیلی   کاپٹر وڈرونز تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے ۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملے آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں اور امریکی فوجی اہلکاروں کے خلاف پاسداران انقلاب کے حالیہ حملوں کی کوششوں کے جواب میں کیے گئے۔ دریں اثناء امریکی صدرڈونلڈٹرمپ  نے کہا ہے ایران کوئی بے وقعت معاہدہ کر بھی لے تو مجھے اس کی کوئی پروا نہیں ہے۔سوشل ٹروتھ پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران کو مذاکرات کی میزپرلانے کیلئے دبائو ڈالنے کی کوشش نہیں کر رہے، ایران کوئی بے وقعت معاہدہ کر بھی لے تو مجھے اس کی کوئی پروا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے موجودہ صورتحال زیادہ پسند ہے، آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے، ایران کی معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، ایران اپنے ناگزیر انجام کو ٹالنے کی کوشش کر رہا ہے، ایرانی عوام آخر کب کھڑے ہوں گے اورلڑیں گے؟۔