ایران آبنائے ہرمز کو بطورِ دبائو استعمال کر رہا ہے، ایران رویہ بدلے تو سفارت کاری ممکن ہے:امریکی وزیرخارجہ‘امریکہ سے جنگ اس وقت ختم ہوگی جب ایران کو میدان جنگ میں برتری حاصل ہوگی:ایرانی وزیرخارجہ
امریکہ کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت میں کوئی ابہام موجود نہیں:ترجمان ایرانی وزارت خارجہ‘ سعودی عرب کے خلاف ’’آنکھ کے بدلے آنکھ‘‘ کی پالیسی کے تحت بحری ناکہ بندی نافذ کی جا رہی ہے:ترجمان حوثی گروپ
واشنگٹن،تہران‘صنعاء(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات حملے مکمل کرلے ، جس میں میزائل و ڈرون لانچ سائٹس کونشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے جبکہ ایران نے جواب میں شام، اردن، بحرن اور کویت میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا ہے ،ایرانی حکام نے امریکی حملوں میں کم از کم ایک شخص کے جاںبحق اور اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطا بق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف مسلسل نویں رات جاری رہنے والے حملوں کا کامیابی سے اختتام کردیا ہے ۔سینٹکام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاع اور ساحلی نگرانی کے مقامات، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔ ایران نے امریکا کی مسلسل نویں رات بمباری کے جواب میں شام، اردن، بحرن اور کویت میں امریکی اہداف کو نشانے پر لے لیا۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈے پر حملے میں بھاری نقصان پہنچایاپاسدران انقلاب نے کہا کہ کویت میں امریکی ارلی وارننگ ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک اور حملے میں کویت کے علی السالم ائیر بیس پر موجود آلات اور طیاروں کے پرزہ جات کے ہینگر کو نشانہ بنایا گیا جبکہ MQ-9 ڈرون بیس پر بھی حملہ کر کے متعدد ڈرونز کو تباہ کردیا۔امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے ایران رویہ بدلے تو سفارت کاری ممکن ہے،ایران آبنائے ہرمز کو بطورِ دبائو استعمال کر رہا ہے، امریکا عالمی بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا، تاہم اس ذمہ داری کا بوجھ صرف امریکا پر نہیں ہونا چاہئے‘ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے امریکہ سے جنگ اس وقت ختم ہوگی جب ایران کو میدان جنگ میں برتری حاصل ہوگی۔ایرانی خبررساں ادارے کوانٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنگ کا خاتمہ یا تو مکمل عسکری فتح کے ذریعے ممکن ہے یا پھر مذاکرات کے ذریعے، مذاکرات کا درست وقت وہ ہوتا ہے جب آپ فوجی محاذ پر ٹھوس میدانی اور اسٹریٹجک کامیابیاں حاصل کر چکے ہوں‘ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے معاملے کو خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا، امریکا کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت میں کوئی ابہام موجود نہیں، لڑائی کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے سفارتی پیغامات کا تبادلہ جاری ہے‘علاوہ ازیںیمن کے ایران نواز حوثی گروپ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے عسکری ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا سعودی عرب کے خلاف "آنکھ کے بدلے آنکھ" کی پالیسی کے تحت بحری ناکہ بندی نافذ کی جا رہی ہے۔ یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد کیے گئے "غیر منصفانہ اور ظالمانہ محاصرے" کے جواب میں کیا گیا ہے۔