راولپنڈی: برساتی نالے میں بہہ جانے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ برآمد، باپ بیٹی تاحال لاپتا

راولپنڈی: برساتی نالے میں بہہ جانے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ برآمد، باپ بیٹی تاحال لاپتا

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی اور ان کی گاڑی کا تاحال سراغ نہ مل سکا، تیسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا، تاہم گاڑی کا دروازہ اور بونٹ سواں پل کے نیچے سے برآمد کر لیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے فیز فائیو کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں منگل کی صبح پانی کے تیز ریلے نے ایک گاڑی کو باپ بیٹی سمیت بہا لیا۔ چشم دید گواہوں کے مطابق، دونوں افراد مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے رہے، لیکن ریلے کے زور نے انہیں نگل لیا۔ واقعے کے بعد پاک فوج، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں نے فوری طور پر تلاش اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔بدھ کی رات تک جاری رہنے والا آپریشن کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔ جمعرات کو ایک بار پھر ریسکیو ٹیمیں متحرک ہوئیں۔ سواں پل کے نیچے سے گاڑی کا دروازہ اور بونٹ برآمد کیا گیا، جب کہ گاڑی اور باپ بیٹی کی تلاش بدستور جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کئی مقامات پر کھدائی کی گئی ہے اور گہرے پانی میں تلاش کا عمل جاری ہے۔ دریائے سواں کے مختلف حصوں میں ریسکیو ٹیمیں ممکنہ مقامات کو چیک کر رہی ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آج پانی کی سطح معمول پر آنے کے باعث تلاش میں پیش رفت کی امید ہے۔