اسلام آباد میں بارش کے دوران افسوسناک واقعہ: کار سوار 2 افراد برساتی نالے میں بہہ گئے، ریسکیو آپریشن جاری

اسلام آباد میں بارش کے دوران افسوسناک واقعہ: کار سوار 2 افراد برساتی نالے میں بہہ گئے، ریسکیو آپریشن جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کار سوار دو افراد برساتی نالے میں بہہ گئے۔

 واقعے کے بعد ریسکیو اداروں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم تاحال افراد کا سراغ نہیں مل سکا۔ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اس وقت پیش آیا جب دو افراد نے تیز بہاؤ والے نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی۔ پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہونے کے باعث گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور وہ نالے میں جا گری۔ گاڑی میں موجود دونوں افراد مدد کے لیے آوازیں لگاتے رہے لیکن چند ہی لمحوں میں پانی کا ریلا انہیں کار سمیت بہا لے گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچے اور متاثرہ افراد کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔ پانی کی شدت اور مٹی کی تہوں کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔

 راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 میں برساتی پانی داخل ہو چکا ہے، جب کہ ملحقہ دیہات باغ راجگان، کھڑکن، اور سوہاوہ بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق اڈیالہ سرکل، بسکٹ فیکٹری چوک اور دیگر اہم مقامات پر بارش کے پانی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔