اسلام آباد: برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ اور بیٹی کی تلاش دوسرے روز بھی جاری

اسلام آباد: برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ اور بیٹی کی تلاش دوسرے روز بھی جاری

اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ اور بیٹی کو واقعے کے دوسرے روز بھی تلاش نہیں کیا جا سکا۔

واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب تیز بارش کے باعث برساتی نالہ اچانک طغیانی کا شکار ہو گیا اور ایک کار اس میں بہہ گئی، جس میں باپ اور بیٹی سوار تھے۔ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں دریائے سواں اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ سرچ آپریشن نالے کے بہاؤ کی سمت میں مختلف مقامات پر جاری ہے تاکہ متاثرہ افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ رات اندھیرے اور موسم کی خرابی کے باعث آپریشن محدود کر دیا گیا تھا، تاہم علی الصبح روشنی ہوتے ہی کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی گئیں۔ ریسکیو اہلکار جدید آلات اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان کی گاڑی نالے کے کنارے سے گزر رہی تھی، تاہم پانی کے شدید بہاؤ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاڑی کو نالے میں بہتے ہوئے دیکھا گیا، مگر مسافروں کو بچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔علاقہ مکینوں اور متاثرہ خاندان کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موقع پر موجود ہے اور ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ واقعے نے شہریوں میں گہری تشویش پیدا کر دی ہے اور انتظامیہ سے نالوں کے اطراف میں تحفظاتی اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ریسکیو حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر موسم نے ساتھ دیا تو جلد متاثرہ افراد تک پہنچا جا سکے گا۔