وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کے لیے ایم ٹیگ (M-Tag) کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد شہری سہولتوں کو مؤثر بنانا اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بغیر ایم ٹیگ کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق ایم ٹیگ کا نفاذ اسلام آباد کے داخلی راستوں پر عمل میں لایا جائے گا، تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے اور سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت نگرانی مؤثر ہو سکے۔
مزید برآں، چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ:اسلام آباد میں روزانہ داخل ہونے اور باہر جانے والی گاڑیوں کا سروے کیا جائے گا۔رش والی جگہوں پر پارکنگ چارجز زیادہ ہوں گے تاکہ پارکنگ کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔وفاقی دارالحکومت میں ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔شہری اب موبائل ایپ یا آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے پارکنگ فیس ادا کر سکیں گے۔
کیو آر کوڈ اسکین کر کے بھی پارکنگ فیس کی ادائیگی ممکن ہوگی۔سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو ایک جدید اور سمارٹ شہر میں تبدیل کرنا ہے جہاں شہریوں کو ڈیجیٹل سہولیات میسر ہوں اور ٹریفک کا بوجھ کنٹرول میں رہے۔