اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں کے لیے ایم ٹیگ لگانے کا آغاز، قیمت مقرر

اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں کے لیے ایم ٹیگ لگانے کا آغاز، قیمت مقرر

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں کی ڈیجیٹل ٹیگنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

 یہ اقدام 20 فروری سے شروع ہوا، جس کے تحت تمام موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگز لگائے جائیں گے۔ اس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موٹر سائیکلوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے شناخت اور ٹریکنگ میں سہولت ہوگی۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ جلد از جلد لگوائیں تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔ رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنی موٹر سائیکل کے کاغذات اور شناختی کارڈ لانا ہوگا، اور چند منٹ میں ایم ٹیگ جاری کیا جائے گا۔ ایم ٹیگ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔

موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کی سہولت مختلف مقامات پر فراہم کی جا رہی ہے، جن میں جناح پارک ایف نائن، گلبرگ گرین، ملپور، فیض آباد، گندم گودام نزد تھانہ سبزی منڈی، دامنِ کوہ، ٹیولپ ہوٹل، روات ٹی کراس، نائنتھ ایونیو اور مارگلہ ایونیو شامل ہیں۔ شہری اپنی سہولت کے مطابق ان مقامات پر جا کر ایم ٹیگ لگوا سکتے ہیں۔