سولر سسٹم صارفین کیلئے دھچکا: اسمارٹ اے ایم آئی میٹرز کی نجی خریداری پر پابندی عائد

سولر سسٹم صارفین کیلئے دھچکا: اسمارٹ اے ایم آئی میٹرز کی نجی خریداری پر پابندی عائد

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ایل ٹی اسمارٹ اے ایم آئی میٹرز (LT Smart AMI Meters) کی پرائیویٹ خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

 اس اقدام کے تحت سولر سسٹمز میں استعمال ہونے والے میٹرز کی نجی سطح پر خریداری روک دی گئی ہے، جبکہ کمپنی کے تمام دفاتر کو مزید این او سی جاری کرنے سے بھی منع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو نے صارفین کو اسمارٹ میٹرز کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔ قبل ازیں کمپنی کے پاس مطلوبہ میٹرز کا اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو مارکیٹ سے خریداری کی اجازت دی گئی تھی، تاہم این او سی ملنے کے باوجود انسپکشن سرٹیفکیٹ کی عدم دستیابی نے خریداری میں رکاوٹ ڈالی۔عیدالفطر کے بعد لیسکو نے روایتی ایل ٹی ٹی او یو میٹرز لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی جس کے باعث صارفین کو لیسکو اور مارکیٹ دونوں جگہ سے میٹرز حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا رہا۔اب لیسکو کو میٹرز کا نیا اسٹاک موصول ہونے کے بعد صارفین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کمپنی سے ڈیمانڈ نوٹس حاصل کریں تاکہ سرکاری سطح پر فراہم کردہ اسمارٹ میٹرز ہی استعمال کیے جا سکیں۔ یہ اقدام صارفین کی آسانی اور نظام میں شفافیت کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ سولر میٹرنگ کے عمل کو مزید موثر اور محفوظ بنایا جا سکے۔