لاہور: ایل پی جی بطور ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 24 ڈرائیور گرفتار، 20 گاڑیاں بند

لاہور: ایل پی جی بطور ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 24 ڈرائیور گرفتار، 20 گاڑیاں بند

ویب ڈیسک: ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور سول ڈیفنس لاہور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایل پی جی (LPG) بطور ایندھن استعمال کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

 کارروائی کے دوران 24 ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے 20 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا، جبکہ 23 سے زائد خطرناک سلنڈر بھی قبضے میں لے لیے گئے۔کارروائی جنرل بس اسٹینڈ بادامی باغ میں کی گئی جہاں متعدد گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور ایل پی جی سلنڈرز کا غیر قانونی استعمال سامنے آنے پر سخت ایکشن لیا گیا۔

  مسافروں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی
ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ:"مسافروں کی جان و مال کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے عناصر جو غیر محفوظ طریقے سے گیس سلنڈر استعمال کر کے انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔"حکام کے مطابق، ایل پی جی سلنڈرز کا پبلک ٹرانسپورٹ میں بطور ایندھن استعمال قانوناً ممنوعہ ہے، کیونکہ یہ کسی بھی وقت دھماکے کا سبب بن سکتے ہیں اور بڑے جانی و مالی نقصان کا خطرہ رکھتے ہیں۔

  صرف جولائی کے دوران 500 ایف آئی آرز درج
ترجمان سول ڈیفنس کے مطابق رواں ماہ اب تک 500 سے زائد مقدمات ایل پی جی کے غیر قانونی استعمال پر درج کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ:"ہم روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہے ہیں اور مستقبل میں مزید سختی کی جائے گی۔"
  عوام سے تعاون کی اپیل
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی جگہ ایل پی جی سلنڈرز کا خطرناک یا غیر قانونی استعمال دیکھا جائے تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے۔