لاہور‘اسلام آباد راولپنڈی میں موسلا دھار بارش‘نشیبی علاقے زیرآب ایک شخص جاں بحق‘10 زخمی

فیصل آباد، بھوانہ، خانیوال، حافظ آباد، میاں چنوں، خانیوال، مریدکے، جھنگ، کالا باغ ‘ہری پور‘ایبٹ آباد‘صوابی اور کراچی میں بارش
 نالے میں بہہ جانے والے کار سوار باپ ‘ بیٹی اور 15 سیاحوں کو تلاش نہ کیا جا سکا‘سیاح پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں: این ڈی ایم اے 

لاہور‘اسلام آباد(سپیشل رپورٹر‘کرائم رپورٹر‘ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں  موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے،لاہور کے علاقے لکھوڈیر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، تین افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، دوسرا واقعہ سگیاں پل کے قریب پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی گھر کے 10 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری ملبے سے نکال کر طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، وقفے وقفے سے بادل برسنے کا سلسلہ جاری  رہا‘گزشتہ روز اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برساتی نالے میں بہہ جانے والے کار سوار باپ اور بیٹی کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا۔پنجاب کے دیگر شہروں فیصل آباد، بھوانہ، خانیوال، حافظ آباد، میاں چنوں، خانیوال، مریدکے، جھنگ، کالا باغ اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، کندیاں میں بارش کا پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا۔ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ کراچی میں کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی،۔ این ڈی ایم اے نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ 25 جولائی تک پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں، سڑکوں کی صورتحال جاننے کے لیے ریڈیو یامقامی انتظامیہ کی مدد سے مصدقہ خبروں تک رسائی یقینی بنائیں۔