مون سون کا آغاز ،بارش سے نشیبی علاقے زیرآب

لاہور ،ملتان، ڈی جی خان ، بہاولنگر،اسلام آباد،پشاور، تھرپارکر ودیگرمقامات پر بارش 
 لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ،گھنٹوں بجلی غائب ، 2 روز کے دوران مزیدیدبارشیں 
لاہور ( کرائم رپورٹر)ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگیا ، پنجاب ،سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی، بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے لوگوں کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میںشدید حبس کے بعد ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، جیل روڈ، اپر مال، مغلپورہ، تاجپورہ، چوک ناخدا، پانی والا تالاب، فرخ آباد، گلشن راوی، سمن آباد، شادی پورہ اور سگیاں ودیگرعلاقوں میں بارش ہوئی۔ سگیاں میں 40.2 ، پانی والا تالاب میں 39.2 ، چوک ناخدا میں 37.4 ، لکشمی چوک میں 35 اور فرخ آباد میں 17 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش سے لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، آر اے بازار، ہربنس پورہ، شالیمار، عامر ٹائون، باغبانپورہ، شاہدرہ اور اندرون شہرمیں بجلی فراہمی گھنٹوں معطل رہی، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان، ڈی جی خان اور بہاولنگر میں تیز ہوا ئوں کیساتھ موسلادھار بارش سے گرمی کی شدت کم ہوگئی اورنشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔تیز آندھی اور بارش سے ضلع مظفرگڑھ میں دیواریں گرنے کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔سندھ کے ضلع تھرپارکر میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ خشک سالی سے متاثرہ لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ادھر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں موسلادھار بارش ہوئی، جی ٹی روڈ سمیت رابطہ سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں۔ نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔پشاور میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ دیواریں اور چھتیں گرنے سیمتعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تیز ہوائو ں اور بارش سے بجلی معطل ہوگئی۔ پشاور کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بھی تیز بارش ہوئی۔پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرک میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ خیبر کے علاقے باڑہ میں بھی بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ پی ڈی ایم اینے 2 روز کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات ودیگرمقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ بلوچستا ن کے متعدداضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے ۔این ڈی ایم اے نے 9 جولائی تک بارشوں کے دوران سکردو سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا،سیاحوںکو احتیاطی تدابیراپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔